چین میں طوفان نول کے پیش نظر ہائی الرٹ، پبلک ٹرانسپورٹ معطل
چین کے جنوبی علاقوں میں طوفان نول کے باعث ہائی الرٹ جاری، شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب پبلک ٹرانسپورٹ کی بعض خدمات معطل کر دی گئیں۔
اہم نکات
AIچینی حکام نے جنوبی علاقوں میں طوفان نول کی شدت کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ہفتے کو آنے والے اس طوفان کے نتیجے میں تیز ہوائیں چلیں اور موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بعض خدمات معطل کر دیں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
توقع ہے کہ یہ طوفان، جو اس سال چین میں آنے والا بارہواں طوفان ہے، آج شام سے کل صبح تک ہانگ کانگ اور صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر لو فنگ کے درمیان ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔
قومی موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے براہ راست اثرات گوانگ ڈونگ کے علاوہ قریبی صوبوں فوجیان، جیانگ شی اور ہونان تک پہنچ سکتے ہیں۔ شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے، خطرناک علاقوں سے دور رہنے اور صرف ضرورت کے وقت سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر حکام نے صوبہ گوانگ ڈونگ سے 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد اور فوجیان سے 23 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ طوفان سے نمٹنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
