سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے آج منگل کو جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آج منگل کو جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی حدود کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جن کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو گی۔ اسی طرح قصیم اور مشرقی ریجن کے کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ریاض کے بعض حصے بھی اس کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں جنوب مغرب سے شمال مغرب کی سمت 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو شمالی حصے میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔ درمیانی حصے میں ہوائیں جنوب مشرق سے جنوب مغرب کی سمت 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جنوبی حصے میں 15 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو بعض اوقات 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔ سمندر میں لہروں کی اونچائی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، جبکہ شمالی، درمیانی اور جنوبی حصوں میں دو میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ بحیرہ احمر میں سمندر کی حالت عمومی طور پر ہلکی سے درمیانی اور بعض حصوں میں شدید لہروں والی ہو گی۔
خلیج عرب میں ہوائیں شمال مشرق سے جنوب مشرق کی سمت 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو شمالی حصے میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔ جنوبی حصے میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال مشرق کی سمت 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو بعض اوقات 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہیں۔ لہروں کی اونچائی آدھے میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی، جبکہ شمالی اور جنوبی حصوں میں دو میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ خلیج عرب میں سمندر کی حالت عمومی طور پر ہلکی لہروں والی اور بعض حصوں میں شدید لہروں والی ہو گی۔
