مکہ، طائف، جدہ، ينبع اور تبوک میں ابتدائی انتباہ جاری
سعودی محکمہ شہری دفاع نے مکہ، طائف، جدہ، ينبع اور تبوک کے رہائشیوں کو ہنگامی ابتدائی انتباہ کے بعد حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اہم نکات
AIسعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے مکہ، طائف، جدہ، ينبع اور تبوک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی حالات میں قومی ابتدائی انتباہی پلیٹ فارم سے جاری خطرے کے انتباہ کے بعد حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
شہری دفاع نے زور دیا ہے کہ شہری پرسکون رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں، عمارتوں کے اندر رہیں اور کسی محفوظ داخلی کمرے یا ایسی جگہ جائیں جو کھڑکیوں سے دور ہو، اور جب تک خطرہ ٹل نہ جائے گھر یا عمارت نہ چھوڑیں۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہوں اور شیشے سے دور رہیں، بالکونی یا چھت پر ہرگز نہ جائیں، جبکہ باہر موجود افراد کو قریب ترین عمارت میں داخل ہونے یا کسی مضبوط دیوار کے پیچھے پناہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ نے مزید کہا کہ ہجوم سے گریز کریں اور ہرگز تصویریں نہ بنائیں، نیز خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ اگر انتباہی پیغام ڈرائیونگ کے دوران ملے تو سڑک کے کنارے، پلوں اور بلند عمارتوں سے دور گاڑی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں کسی بھی خطرے کی صورت میں ایمرجنسی نمبر 911 اور باقی علاقوں میں 998 پر رابطہ کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری سرکاری ہدایات کو سرکاری ذرائع سے فالو کریں اور ان پر عمل کریں۔
