سعودی عرب کے 13 علاقوں میں ہفتے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
قومی مرکز برائے موسمیات نے منگل سے ہفتے تک سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی خطرے کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIقومی مرکز برائے موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ منگل سے ہفتہ تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہوگی۔
مرکز کے مطابق جازان، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، ریاض، قصیم، مشرقی ریجن اور نجران میں بارشیں درمیانے سے شدید درجے کی ہوں گی، جبکہ بعض علاقوں میں ان کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ دوسری جانب الجوف، شمالی سرحدی علاقہ اور تبوک میں بارشیں ہلکی سے درمیانی رہیں گی۔
متاثرہ علاقوں کی تفصیل
جازان: منگل سے ہفتہ تک درمیانے سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔ منگل اور بدھ کو ریتھ، ہروب، دائر، عیدابی، فیفا، عارضہ اور حرث میں بارش کی شدت زیادہ ہوگی، جبکہ بدھ اور جمعرات کو جیزان، فرسان، الدرب، بیش، صبیا، ضمد، ابو عریش، احد المسارحہ، صامطہ اور طوال میں بارشیں تیز ہوں گی۔
عسیر: منگل سے ہفتہ تک بیشتر علاقوں میں درمیانے سے شدید بارشیں ہوں گی، جبکہ منگل، بدھ اور ہفتہ کو شدت زیادہ ہوگی۔
باحہ: اسی عرصے میں درمیانے سے شدید بارشیں متوقع ہیں، جو ہفتہ کو زیادہ شدت اختیار کر سکتی ہیں۔
مکہ مکرمہ: منگل سے ہفتہ تک مکہ مکرمہ، کامل، الجموم، طائف، میسان، اضم، العرضیات، خلیص اور بحرة میں درمیانے سے شدید بارشیں ہوں گی، ہفتہ کو ان کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ جدہ اور رابغ میں منگل کو بارشیں ہوں گی اور جمعہ و ہفتہ کو دوبارہ امکان ہے۔ تربہ، الخرمة، رنیہ، المویہ، القنفذہ اور اللیث میں منگل سے ہفتہ تک بارشیں متوقع ہیں، جو منگل، بدھ، جمعہ اور ہفتہ کو تیز ہو سکتی ہیں۔
مدینہ منورہ: منگل سے ہفتہ تک مدینہ منورہ، الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع میں درمیانے سے شدید بارشیں ہوں گی، جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو شدت زیادہ ہوگی۔ علا، العیص، بدر اور خیبر میں جمعہ اور ہفتہ کو بارشیں متوقع ہیں۔
حائل، قصیم اور ریاض: منگل سے ہفتہ تک کئی علاقوں میں درمیانے سے شدید بارشیں ہوں گی، بعض اوقات ان کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وادی الدواسر، الافلاج اور السلیل میں منگل سے جمعہ تک ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
الجوف، شمالی سرحدی علاقہ اور تبوک: منگل سے ہفتہ تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارشیں متوقع ہیں۔
مشرقی ریجن: اسی عرصے میں درمیانے سے شدید بارشیں ہوں گی، جو منگل اور بدھ کو زیادہ شدت اختیار کر سکتی ہیں۔
نجران: منگل اور بدھ کو نجران، حبونا، بدر الجنوب، ثار، یدمہ اور خباش میں درمیانے سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔
مرکز نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے ساتھ سیلابی ریلے، ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جن کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد ہو سکتی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں موجیں بلند ہونے اور بعض مقامات پر گردابی طوفان یا پانی کے بگولے بننے کا بھی امکان ہے۔
مرکز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی اپ ڈیٹس، رپورٹس اور انتباہات کے لیے اس کی ویب سائٹ، 'انواء' ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر رکھیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق آئندہ ہفتے بھی بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
