نئے ڈیزائن قانون کے تحت 15 سالہ تحفظ اور ایک ملین ریال تک جرمانہ
سعودی عرب میں نئے ڈیزائن قانون کا نفاذ 180 دن بعد ہوگا، جس کے تحت ڈیزائنز کو 15 سال تک تحفظ اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
اہم نکات
AIسرکاری گزٹ 'ام القری' نے جمعہ کے روز 'نظام التصامیم' شائع کیا ہے، جس کا مقصد ڈیزائنز کا تحفظ، صنعتی ترقی کو فروغ دینا اور قومی معیشت و صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ اس قانون پر اس کی اشاعت کے 180 دن بعد عمل درآمد ہوگا۔
اس قانون کے نفاذ کی ذمہ داری سعودی اتھارٹی برائے دانشورانہ املاک کو سونپی گئی ہے۔ قانون میں ڈیزائن کو دو یا تین جہتی آرائشی یا جمالیاتی تشکیل قرار دیا گیا ہے، جسے اس وقت رجسٹر کیا جا سکتا ہے جب وہ نیا ہو اور اس میں امتیازی خصوصیات ہوں، بشرطیکہ وہ صرف تکنیکی یا عملی مقصد کے لیے نہ ہو، اس میں کوئی سرکاری نشان، پرچم یا کسی اور کی تجارتی علامت شامل نہ ہو، اور نہ ہی وہ عوامی نظم یا اخلاق کے خلاف ہو۔
ڈیزائن اس وقت نیا سمجھا جائے گا جب اس کی تفصیلات تاریخِ درخواست سے پہلے عوام کے سامنے نہ آئی ہوں۔ اگر ڈیزائنر نے درخواست سے 12 ماہ قبل یا کسی سرکاری نمائش میں 6 ماہ قبل اسے پیش کیا ہو تو اس کا شمار نہیں ہوگا۔
قانون کے مطابق ایک ہی درخواست میں 100 تک ڈیزائن شامل کیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ 'ڈیزائن کی وحدت' برقرار ہو۔ تحفظ کی مدت درخواست جمع کرانے کی تاریخ سے 15 سال مقرر کی گئی ہے، جس کے لیے سالانہ فیس مقرر ہوگی، اور فیس ادا نہ کرنے پر تحفظ ختم ہو جائے گا۔
قانون کے تحت سرٹیفکیٹ کے مالک کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ دوسروں کو اپنی اجازت کے بغیر ڈیزائن کے استعمال سے روک سکے۔ کسی رجسٹرڈ ڈیزائن کی مکمل یا بنیادی نقل پر مبنی مصنوعات تیار کرنا، بیچنا، درآمد کرنا یا اس میں معاونت کرنا خلاف ورزی شمار ہوگی، تاہم سائنسی تجربات، تعلیم، تحقیق اور غیر تجارتی ذاتی استعمال مستثنیٰ ہوں گے۔
متاثرہ فریق عدالت سے خلاف ورزی روکنے، غیر قانونی مصنوعات ضبط و تلف کرنے اور ہرجانے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، عدالت سے عارضی حکم بھی لیا جا سکتا ہے تاکہ مقدمے کے فیصلے تک خلاف ورزی روکی جا سکے اور مصنوعات کی مارکیٹ میں رسائی یا برآمدگی روکی جا سکے۔
اگر ڈیزائن کسی ملازمت کے معاہدے کے تحت تیار ہوا ہو یا ملازم نے آجر کی سہولیات استعمال کی ہوں تو ڈیزائن کی ملکیت آجر کو حاصل ہوگی، جب تک کہ اس کے برعکس کوئی معاہدہ نہ ہو۔ ملازم کو خصوصی انعام کا حق ہوگا، جس کا تعین باہمی اتفاق یا عدالت اقتصادی اہمیت کے مطابق کرے گی، اور اس حق سے محروم کرنے والا کوئی بھی معاہدہ کالعدم ہوگا۔
اگر کوئی شخص مصنوعات پر غلط معلومات دے کر یہ ظاہر کرے کہ اسے ڈیزائن سرٹیفکیٹ یا اس کے استعمال کا لائسنس حاصل ہے، یا جعلی دستاویزات یا غلط معلومات فراہم کرے، تو اس پر کم از کم 100 ہزار سعودی ریال اور زیادہ سے زیادہ ایک ملین سعودی ریال جرمانہ یا زیادہ سے زیادہ دو سال قید یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ تین سال کے اندر دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں سزا دگنی کی جا سکتی ہے اور فیصلے کا خلاصہ شائع کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔
قانون کے تحت بین الاقوامی درخواستوں کو ہیگ معاہدے کے مطابق نمٹایا جائے گا، اور جن ڈیزائنز میں سعودی عرب کو نامزد کیا گیا ہو انہیں مقامی ڈیزائنز کے برابر حقوق حاصل ہوں گے۔ درخواست مسترد یا منسوخ ہونے کی صورت میں، درخواست گزار کو 60 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی کے سامنے اپیل اور اس کے فیصلے کے خلاف 60 دن میں عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہوگا۔
