سعودی عرب کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کا خدشہ
قومی مرکز برائے موسمیات نے آج جنوبی و مغربی علاقوں میں شدید بارش، سیلاب اور تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی ہے۔
اہم نکات
AIقومی مرکز برائے موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج ہفتہ کے روز جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں جاری رہیں گی، جو سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس دوران ژالہ باری اور گرد و غبار کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ اور نجران کے بعض حصوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن کے ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ہوا اور سمندر کی صورتحال
مرکز نے بتایا کہ بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 20 تا 42 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو دوپہر کے بعد مغرب اور شمال مغرب کی سمت 12 تا 42 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائیں گی۔ جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران جنوب مشرق سے جنوب مغرب کی سمت ہوائیں 10 تا 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، جو 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔
بحیرہ احمر میں موجوں کی اونچائی نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، جبکہ گرج چمک کے ساتھ بادل بننے پر یہ دو میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ سمندر کی حالت عمومی طور پر ہلکی سے درمیانی اور بعض اوقات شدید موجوں والی رہے گی۔
خلیج عرب میں سطحی ہوائیں جنوب مشرق سے جنوب مغرب کی سمت 10 تا 25 کلومیٹر فی گھنٹہ اور شمال سے شمال مشرق کی سمت 8 تا 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ موجوں کی اونچائی نصف میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی اور سمندر کی حالت ہلکی موجوں والی ہو گی۔
