یویفا کا انفانتینو سے فوری استعفے کا مطالبہ، عدم اعتماد کی دھمکی
یورپی فٹبال تنظیم یویفا نے فیفا کے صدر جیانی انفانتینو سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدم اعتماد کی تحریک لانے کا عندیہ دیا ہے۔
اہم نکات
AI
یورپی فٹبال تنظیم (یویفا) اور عالمی فٹبال تنظیم (فیفا) کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ برطانوی اخبار 'ٹیلیگراف' کے مطابق یویفا نے فیفا کے صدر جیانی انفانتینو سے فوری طور پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر وہ عہدہ نہ چھوڑیں تو ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے۔
اخبار کے مطابق یہ بحران اس وقت شروع ہوا جب فیفا نے اپنی چند اہم ٹورنامنٹس، جن میں ورلڈ کپ بھی شامل ہے، میں نجی سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کی تجویز پیش کی۔ تاہم اس تجویز پر شدید اختلافات کے بعد فیفا نے اسے واپس لے لیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یویفا نے خبردار کیا تھا کہ اگر فیفا اس منصوبے پر قائم رہا تو یورپی ٹیمیں ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتی ہیں۔ اسی دباؤ کے باعث فیفا نے منصوبہ واپس لیا، جبکہ یویفا نے اعلان کیا کہ اسے فیفا پر اعتماد نہیں رہا اور اس معاملے کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔
'ٹیلیگراف' کے مطابق یویفا نے انفانتینو کو فوری استعفے کا پیغام دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر وہ عہدہ نہ چھوڑیں تو ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یویفا کے تحت آنے والے تمام 55 قومی فٹبال فیڈریشنز انفانتینو کی برطرفی کی حمایت کریں گی اگر انہوں نے استعفیٰ نہ دیا۔ عدم اعتماد کی تحریک منظور کرانے کے لیے صرف 43 ووٹ درکار ہیں۔
یہ تنازعہ دونوں تنظیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سامنے آنے والے کئی اختلافات کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل بھی کلب ورلڈ کپ کو ہر چار سال بعد منعقد کرنے اور ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے منصوبوں پر دونوں کے درمیان اختلافات ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ میں پہلی بار 48 ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ انفانتینو اگلے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد 64 تک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
