سعودی عرب سمیت 17 عرب و اسلامی ممالک کی خان یونس اسپتال پر حملے کی مذمت
سعودی عرب اور 17 عرب و اسلامی ممالک نے خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں مریض اور طبی عملہ متاثر ہوا۔
اہم نکات
AIسعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، الجزائر، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، لبنان، جبوتی، سوڈان، صومالیہ، عمان، فلسطین، قطر، کویت، لیبیا، مصر اور موریتانیہ کے وزرائے خارجہ نے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں مریضوں اور طبی عملے کے افراد متاثر ہوئے۔ انہوں نے اس حملے کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو طبی اداروں اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی خصوصی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی حملوں، خاص طور پر خیموں اور دیگر پناہ گزین مقامات کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے جنگ بندی معاہدے اور غزہ میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اور یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جامع منصوبہ بندی سے بھی متصادم ہیں۔
وزراء نے اسرائیلی پابندیوں کے باعث انسانی امداد، خیموں، عارضی گھروں اور طبی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں سے غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے، خاص طور پر سردیوں کی آمد کے ساتھ، جب مناسب پناہ گاہوں کی کمی اور صحت و صفائی کی خراب صورتحال سے بچوں اور شیر خواروں سمیت شہریوں کی زندگیاں شدید خطرے میں ہیں۔
وزراء نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی برادری اور امن کونسل کی اپیلوں پر عمل کرے، فوری طور پر شرم الشیخ معاہدے، صدر ٹرمپ کے منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو جنگ بندی کی پابندی، شہریوں اور طبی اداروں کا تحفظ، اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ، محفوظ اور پائیدار فراہمی یقینی بنانی چاہیے، جس میں پناہ گاہوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے ضروری سامان بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے اپنا کام کرنے دینا چاہیے۔
وزراء نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی پہلی مرحلے کی ذمہ داریاں نافذ العمل ہونی چاہئیں، اور اسرائیل کو انہیں کسی تاخیر یا اضافی سیاسی و سکیورٹی شرائط کے بغیر پورا کرنا ہوگا، تاکہ انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ نہ ہو۔ فوری انسانی ضروریات کو بعد کے مراحل کی پیش رفت سے الگ رکھتے ہوئے پورا کیا جائے۔
وزراء نے امریکہ اور امن کونسل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر مکمل عمل درآمد اور انسانی امداد کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں، تاکہ معاہدے کی ساکھ برقرار رہے اور جنگ بندی کو تقویت ملے۔
وزراء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے قیام، منصوبے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد بڑھانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
