سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش اور گرد آلود ہوائیں متوقع
محکمہ موسمیات نے آج جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے اپنی آج کی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، جن کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو گرد و غبار کا باعث بنیں گی اور مدینہ منورہ و مکہ مکرمہ کے ساحلی حصوں میں حد نگاہ تقریباً ختم ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی علاقے کے ساحلی حصوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت 20 تا 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ موجوں کی اونچائی ایک سے دو میٹر تک ہوگی اور سمندر کی حالت درمیانی رہے گی۔
خلیج عرب میں سطحی ہوائیں جنوب مشرق سے مشرق کی سمت 10 تا 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، موجوں کی اونچائی آدھے میٹر سے ایک میٹر تک ہوگی اور سمندر کی حالت ہلکی رہے گی۔
