پانچ افراد کو دہشت گردی کے جرم میں سزائے موت
سعودی وزارت داخلہ نے مشرقی ریجن میں دہشت گردی کے جرم میں پانچ سعودی شہریوں کو سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اہم نکات
AIسعودی وزارت داخلہ نے آج بروز ہفتہ 6 جمادی الاول 1448ھ مطابق 17 اکتوبر 2026ء کو اعلان کیا ہے کہ مشرقی ریجن میں پانچ سعودی شہریوں کو دہشت گردی کے جرائم میں ملوث ہونے پر سزائے موت دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق محمد بن منیر بن محمد الزاہر، علی بن عبدرب الحسين الشيخ، حسن بن زکی بن محمد الفرج، رضا بن محمد بن علی آل ابو عبداللہ اور علی بن حسن بن احمد آل ربح کو بیرونی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، سکیورٹی اہلکاروں اور سکیورٹی گاڑیوں پر متعدد بار فائرنگ کر کے انہیں قتل کرنے کی کوشش، اسلحہ اور زندہ گولہ بارود رکھنے اور مملکت کے اندر دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مالی و عملی معاونت فراہم کرنے کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی اداروں نے ملزمان کو گرفتار کیا، تفتیش کے بعد انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان پر عائد الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی۔ اپیل اور سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد شاہی فرمان کے تحت شرعی حکم پر عمل درآمد کیا گیا۔
مجرموں کو مشرقی ریجن میں سزائے موت دی گئی۔ وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی حکومت ملک میں امن و امان اور انصاف کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور شریعت کے مطابق ہر اس شخص کو سزا دی جائے گی جو شہریوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔ وزارت نے خبردار کیا کہ ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو سخت شرعی سزا دی جائے گی۔
