سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے آج منگل کو جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش، ژالہ باری اور گرد آلود ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آج منگل کو جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار اٹھانے والی تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ مشرقی ریجن، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساحلی علاقوں میں دھند چھانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ جنوب یا جنوب مشرق کی سمت سے 10 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔ سمندر میں لہروں کی اونچائی ایک سے دو میٹر تک اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران دو میٹر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس دوران سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی اور بارش کے وقت تیز لہروں والی ہو سکتی ہے۔
خلیج عرب میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 10 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اور شمال مغرب سے مغرب کی سمت 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ لہروں کی اونچائی آدھے میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی اور سمندر کی حالت ہلکی لہروں والی رہے گی۔
