جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں ابتدائی انتباہ جاری
سعودی محکمہ شہری دفاع نے جازان، ابہا اور خمیس مشیط کے رہائشیوں کو ہنگامی حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اہم نکات
AIسعودی محکمہ شہری دفاع نے جازان، ابہا اور خمیس مشیط کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی حالات میں ابتدائی انتباہی نظام سے جاری وارننگ کے بعد حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
محکمہ شہری دفاع نے زور دیا ہے کہ لوگ پرسکون رہیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں، عمارتوں کے اندر رہیں اور کسی اندرونی کمرے یا محفوظ جگہ پر چلے جائیں جو کھڑکیوں سے دور ہو، اور خطرہ ختم ہونے تک گھر یا عمارت نہ چھوڑیں۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہوں اور شیشے سے دور رہیں، بالکونی یا چھت پر نہ جائیں، جبکہ جو لوگ عمارت سے باہر ہیں وہ قریبی عمارت میں پناہ لیں یا کسی مضبوط دیوار کے پیچھے چھپ جائیں۔
محکمہ نے مزید کہا ہے کہ ہجوم سے گریز کریں اور کسی بھی صورت میں تصاویر نہ بنائیں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ اگر انتباہی پیغام ڈرائیونگ کے دوران ملے تو سڑک کے کنارے رک جائیں، پلوں اور بلند عمارتوں سے دور رہیں۔
محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں کسی بھی خطرے کی صورت میں ہنگامی نمبر 911 اور باقی علاقوں میں 998 پر رابطہ کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی طرف سے جاری ہدایات کو سرکاری ذرائع سے باقاعدگی سے فالو کریں اور ان پر عمل کریں۔
