ریاض میں ابتدائی انتباہی نظام کا اجرا، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
سعودی محکمہ شہری دفاع نے ریاض کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ابتدائی انتباہی نظام کے اجرا کے بعد حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
اہم نکات
AIسعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے ریاض کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ابتدائی انتباہی نظام کے اجرا کے بعد حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ یہ انتباہ قومی ایمرجنسی الرٹ پلیٹ فارم سے کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں، عمارتوں کے اندر رہیں اور کھڑکیوں سے دور کسی محفوظ داخلی کمرے یا جگہ پر منتقل ہو جائیں۔ خطرہ ختم ہونے تک گھر یا عمارت نہ چھوڑیں۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہوں اور شیشے کے قریب جانے سے گریز کریں، بالکونی یا چھت پر ہرگز نہ جائیں۔ جو لوگ عمارتوں سے باہر ہیں، وہ قریبی عمارت میں داخل ہو جائیں یا کسی مضبوط دیوار کے پیچھے پناہ لیں۔
محکمہ نے مزید تاکید کی ہے کہ ہجوم سے بچیں اور کسی بھی صورت میں ویڈیو یا تصاویر نہ بنائیں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ اگر انتباہی پیغام ڈرائیونگ کے دوران موصول ہو تو گاڑی کو سڑک کے کنارے روکیں، لیکن پلوں اور بلند عمارتوں سے دور رہیں۔
محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی خطرے کی صورت میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں ہنگامی نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 998 پر رابطہ کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کو سرکاری ذرائع سے باقاعدگی سے فالو کریں اور ان پر عمل کریں۔
