سعودی عرب میں آج گرمی کی شدت، تیز ہوائیں اور بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز جازان، عسیر اور باحہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ مشرقی اور ریاض ریجن میں گرمی برقرار رہے گی۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بدھ کے روز جازان، عسیر اور باحہ کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ مشرقی اور ریاض ریجن کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہوائیں اور گرد و غبار جازان، عسیر، باحہ کے علاوہ نجران، شمالی حدود، حائل، قصیم، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعض حصوں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی روزانہ رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت 15 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو جنوبی حصے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔ اس دوران موجوں کی اونچائی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک اور جنوبی حصے میں دو میٹر سے زائد ہو سکتی ہے، جبکہ سمندر کی کیفیت ہلکی سے درمیانی اور جنوبی حصے میں کبھی کبھار تیز ہو سکتی ہے۔
خلیج عرب میں شمال مغرب سے مغرب کی سمت ہوائیں شمالی اور وسطی حصے میں 15 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو شمالی حصے میں 42 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں، جبکہ جنوبی حصے میں شمال مشرق سے شمال مغرب کی سمت 10 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ موجوں کی اونچائی شمالی اور وسطی حصے میں آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر اور جنوبی حصے میں آدھے میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی، جبکہ سمندر کی کیفیت شمالی اور وسطی حصے میں ہلکی سے درمیانی اور جنوبی حصے میں ہلکی رہے گی۔
