وادی الدواسر اور السلیل میں خطرہ ٹل گیا، شہری دفاع کا اعلان
سعودی محکمہ شہری دفاع نے وادی الدواسر اور السلیل میں ابتدائی انتباہ کے بعد خطرے کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایات پر عمل کی تاکید کی گئی۔
اہم نکات
AIسعودی محکمہ شہری دفاع نے منگل کی شام اعلان کیا ہے کہ وادی الدواسر اور السلیل میں خطرہ ٹل گیا ہے۔ اس سے قبل ان علاقوں کے لیے قومی پلیٹ فارم سے ابتدائی انتباہ جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ پرسکون رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں، گھروں کے اندر رہیں اور کسی محفوظ داخلی کمرے یا ایسی جگہ منتقل ہو جائیں جو کھڑکیوں سے دور ہو۔ خطرہ ختم ہونے تک گھر یا عمارت نہ چھوڑیں۔
ہدایات میں کھلی جگہوں اور شیشے سے دور رہنے، بالکونی یا چھت پر نہ جانے کی تاکید کی گئی تھی۔ باہر موجود افراد کو قریبی عمارت میں داخل ہونے یا کسی مضبوط دیوار کے پیچھے پناہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔
محکمہ نے ہجوم لگانے اور ویڈیو بنانے سے مکمل گریز اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی۔ اگر وارننگ پیغام ڈرائیونگ کے دوران ملے تو پلوں اور بلند عمارتوں سے دور سڑک کے کنارے رکنے کا مشورہ دیا گیا۔
محکمہ نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں کسی بھی خطرے کی صورت میں ہنگامی نمبر (911) اور مملکت کے دیگر علاقوں میں (998) پر رابطہ کرنے کی اپیل کی۔
مزید کہا گیا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کو سرکاری ذرائع سے باقاعدگی سے فالو کریں اور ان پر عمل کریں۔
