سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں آج موسلا دھار بارش اور سیلاب کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے آج جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آج جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو سیلاب کا سبب بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان بارشوں کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 15 سے 38 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ شمالی حصے میں یہ رفتار 42 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ درمیانی حصے میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 10 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جنوبی حصے میں جنوب مشرق سے مشرق کی سمت 10 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ، بعض اوقات 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں موجوں کی اونچائی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، بعض اوقات سمندر میں تلاطم بھی آ سکتا ہے، اور مجموعی طور پر سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی موجوں والی ہوگی۔
خلیج عرب میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی سمت 18 سے 38 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ جنوبی حصے میں شمال مغرب سے مغرب کی سمت اسی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ موجوں کی اونچائی ایک میٹر سے دو میٹر تک رہے گی اور سمندر کی حالت درمیانی موجوں والی ہوگی۔
