حوثی حملہ: مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے مرکز پر حملہ مسلمانوں کے جذبات کی توہین قرار
خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے مدینہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے، جو مسجد نبوی اور شہریوں کو بجلی فراہم کرتی ہے۔
اہم نکات
AIخلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے مرکز پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ مرکز مسجد نبوی شریف اور مدینہ کے شہریوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حوثی حملہ تمام سرخ لکیرں عبور کرنے کے مترادف ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی کھلی توہین اور اسلامی مقدسات کی حرمت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملے مذہبی و انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین و روایات کی صریح خلاف ورزی ہیں، خاص طور پر جب حرمین شریفین اور ان کے اطراف کو بار بار نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکریٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی تعاون کونسل کی تمام ریاستیں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کے ساتھ کھڑی ہیں اور اس کے امن، استحکام، خودمختاری اور مقدسات کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کی تائید کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کی مقدسات کا تحفظ خلیجی ممالک کی اجتماعی سلامتی کا حصہ ہے اور اس کے خلاف کسی بھی قسم کا خطرہ پورے کونسل کے لیے خطرہ ہے۔