سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کا امکان
محکمہ موسمیات نے آج کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور دھند سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔
اہم نکات
AIمحکمہ موسمیات نے اپنی روزانہ رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ پیر کے روز جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی حدود کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جو سیلابی ریلوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان بارشوں کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار اٹھانے والی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوبی حصوں اور نجران کے کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح تبوک، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن کے ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
ہواؤں اور سمندر کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی جانب 12 سے 38 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران یہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ درمیانی حصے میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال مشرق کی سمت 10 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ، اور جنوبی حصے میں جنوب مشرق سے جنوب مغرب کی سمت 15 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ رہیں گی، جو باب المندب کی طرف 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہو سکتی ہیں اور وہاں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
موجوں کی اونچائی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، تاہم گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران یہ دو میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ سمندر کی کیفیت ہلکی سے درمیانی موجوں والی رہے گی اور باب المندب کی سمت میں سمندر میں تلاطم آ سکتا ہے۔
خلیج عرب میں شمالی حصے میں ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت 10 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جنوبی حصے میں مغرب سے جنوب مغرب کی سمت چلیں گی، جو رات کے وقت مشرقی اور پھر شمال مشرقی سمت اختیار کر لیں گی۔ موجوں کی اونچائی آدھے میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی اور سمندر کی حالت ہلکی موجوں والی رہے گی۔
