سعودی عرب کے کئی علاقوں میں آج بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری
محکمہ موسمیات نے اتوار کو مملکت کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں اور سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔
اہم نکات
AIقومی مرکز برائے موسمیات نے اپنی روزانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ اتوار کو بھی مملکت کے مختلف علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارشیں جاری رہیں گی، جن کے باعث سیلابی ریلے آنے کا خدشہ ہے۔ بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں بھی متوقع ہیں۔ یہ صورتحال جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود کے بعض حصوں میں پیش آ سکتی ہے۔
مرکز نے مزید بتایا کہ حائل کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں، جبکہ مشرقی ریجن کے جنوبی حصوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقی ریجن کے ساحلی حصوں کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور تبوک کے ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا امکان ہے۔
ہوا اور سمندر کی صورتحال
رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت 12 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ شام کے وقت جنوب مشرق سے مشرق کی سمت ہوائیں چلنے لگیں گی جن کی رفتار 38 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران یہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔
بحیرہ احمر میں موجوں کی اونچائی نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہے گی، تاہم گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران یہ دو میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ عام حالات میں سمندر کی کیفیت ہلکی سے درمیانی موجوں والی رہے گی، جبکہ بارش کے دوران سمندر میں تلاطم آ سکتا ہے۔
خلیج عرب میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی سمت 10 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ اور مغرب سے جنوب مغرب کی سمت 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ موجوں کی اونچائی نصف میٹر سے ایک میٹر تک رہے گی اور سمندر کی کیفیت ہلکی موجوں والی رہے گی۔
