وزارت حج و عمرہ کا ضیوف الرحمن کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال
وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمن کی خدمات بہتر بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالٹکس کو اپنانا شروع کر دیا ہے۔
اہم نکات
AIوزارت حج و عمرہ ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی خدمات کی بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالٹکس کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔ اس کے ذریعے ڈیٹا کو بصیرت اور پیش گوئیوں میں تبدیل کیا جاتا ہے جو منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ، اسمارٹ حل، نقل و حرکت اور قافلوں کی منظم روانگی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں، جس سے حجاج اور معتمرین کا سفر مزید آسان اور ان کے تجربے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ قیادت کی جانب سے ضیوف الرحمن کی خدمت پر خصوصی توجہ اور سعودی وژن 2030 اور پروگرام خدمت ضیوف الرحمن کے اہداف کے تحت کیا جا رہا ہے۔
وزارت جدید تجزیاتی طریقوں، مصنوعی ذہانت اور پیٹرن کی شناخت کے ذریعے ڈیٹا کی اسٹریٹجک اہمیت کو بڑھا رہی ہے۔ اس کے تحت حج و عمرہ کے رجحانات، ضیوف الرحمن کے رویوں اور ترجیحات، طلب و رسد کے حوالے سے مطالعات کی جاتی ہیں۔ پیش گوئی پر مبنی تجزیات کے ذریعے آمد و روانگی کے اوقات، قیام کی مدت اور اس کے رجحانات کا اندازہ لگایا جاتا ہے، جو منصوبہ بندی، پیشگی تیاری اور فیصلہ سازی میں مددگار ہے۔
عملیاتی سطح پر وزارت جدید الگورتھمز کے ذریعے حجاج کی نقل و حرکت اور قافلوں کی روانگی کا انتظام کرتی ہے، ہجوم کی نقل و حرکت کا تجزیہ اور رش کے اوقات کی پیش گوئی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، بسوں کی نقل و حرکت اور مقدس مقامات کے درمیان ٹرانسپورٹ روٹس کو بہتر بنایا جاتا ہے، جس سے نقل و حرکت کی کارکردگی میں اضافہ اور سیزن کے دوران آپریشنل فیصلوں کی معاونت ہوتی ہے۔
ضیوف الرحمن کو براہ راست فراہم کی جانے والی خدمات میں "نسک AI" ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی حل ہے، جو حج، عمرہ اور زیارت سے متعلق معلومات اور رہنمائی فراہم کرتا ہے اور سوالات کے جوابات دیتا ہے۔ یہ سروس 180 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہے اور وائس انٹریکشن کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ اس کے آغاز سے اب تک دو ملین سے زائد افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں، جن میں صرف گزشتہ ماہ 393 ہزار صارفین شامل ہیں۔
وزارت "نسک" ایپ کے ذریعے "المطوف ڈیجیٹل" سروس بھی فراہم کرتی ہے، جو ضیوف الرحمن کا اسمارٹ ساتھی ہے اور مناسک کی ادائیگی کے دوران ان کے ساتھ رہتا ہے۔ یہ سروس مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارف کے مقام، نقل و حرکت اور سفر کے سیاق و سباق کو لمحہ بہ لمحہ سمجھتی ہے، مناسب راستوں اور منزلوں کی رہنمائی کرتی ہے، طواف اور سعی کے اشواط خودکار طور پر شمار کرتی ہے اور ہر مرحلے کے مطابق رہنمائی اور دعائیں فراہم کرتی ہے۔ اس سروس کو ایک ماہ میں دو ملین سے زائد بار استعمال کیا گیا، جبکہ اس کے ذریعے 1.4 ملین سے زائد افراد نے طواف اور سعی کی ڈیجیٹل تکمیل کی۔
حال ہی میں وزارت حج و عمرہ کو سعودی ڈیٹا و آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی "سدایا" کی جانب سے "نسک AI" سروس پر "آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایتھکس بیج" سے نوازا گیا ہے، جو اس بات کی تصدیق ہے کہ وزارت اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ اور قابل اعتماد استعمال کے اصولوں کی پابند ہے اور ضیوف الرحمن کی خدمات اور فیصلہ سازی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے ان کے تجربے کو مزید اسمارٹ اور پیشگی سہولتوں سے آراستہ بنایا جا رہا ہے۔
