النصر کی شاندار فتح، نیفتچی کو تین ایک سے شکست
النصر نے ایشین ایلیٹ چیمپئنز لیگ کے دوسرے راؤنڈ میں نیفتچی ازبکستان کو تین ایک سے شکست دے دی۔
اہم نکات
AIالنصر نے اپنے میدان پر نیفتچی ازبکستان کو تین ایک سے شکست دی۔ یہ مقابلہ پیر کی شب ریاض میں کنگ سعود یونیورسٹی اسٹیڈیم پر ایشین ایلیٹ چیمپئنز لیگ کے دوسرے راؤنڈ کے تحت کھیلا گیا۔
النصر کی جانب سے اینجلو نے 33ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے بعد پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے 42ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔ یوں النصر نے پہلا ہاف دو صفر کی سبقت سے مکمل کیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں نیفتچی کے اوڈیلوف نے 51ویں منٹ میں گول کر کے فرق کم کیا، تاہم اس کے بعد غافوروف نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف تیسرا گول کر دیا، جس کے ساتھ ہی میچ تین ایک پر ختم ہوا اور النصر نے فتح سمیٹی۔
اس کامیابی کے ساتھ النصر نے لیگ مرحلے میں اپنی پہلی تین پوائنٹس حاصل کیں۔ اس سے قبل النصر کو پہلے راؤنڈ میں العین امارات سے چار صفر کی شکست ہوئی تھی، جبکہ نیفتچی کے پوائنٹس تین پر برقرار رہے، جس نے اپنے پہلے میچ میں القوۃ الجویہ عراق کو ایک صفر سے ہرایا تھا۔
