ہانزی فلیک نے لیگ جیتنے کی انعامی رقم 35 ملازمین میں بانٹ دی
بارسلونا کے جرمن کوچ ہانزی فلیک نے لا لیگا جیتنے پر ملنے والی اپنی انعامی رقم 35 کلب ملازمین میں تقسیم کر دی۔
اہم نکات
AIایک ہسپانوی صحافتی رپورٹ کے مطابق بارسلونا کے جرمن کوچ ہانزی فلیک نے ایک انسان دوست اقدام کے تحت لا لیگا جیتنے پر ملنے والی اپنی انعامی رقم سے دستبردار ہو کر اسے کاتالونیائی کلب کے متعدد ملازمین میں تقسیم کر دیا۔
ریڈیو کاتالونیا کے پروگرام "بارسلونا ریزروات" کے مطابق فلیک نے اپنی انعامی رقم 35 ایسے ملازمین کے لیے مختص کی جو روزانہ ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں، تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔
اس اقدام میں مختلف شعبوں کے ملازمین شامل ہیں، جن میں باورچی، میڈیا اور کمیونیکیشن اسٹاف کے علاوہ وہ افراد بھی شامل ہیں جو ٹیم کے روزمرہ امور میں معاونت کرتے ہیں، تاہم یہ کھلاڑیوں یا براہ راست کوچنگ اسٹاف میں شامل نہیں۔
یہ روایت بارسلونا کلب میں عرصے سے رائج ہے کہ جب مردوں کی پہلی ٹیم کوئی ٹائٹل جیتتی ہے تو کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ دیگر ملازمین کو بھی اضافی مالی انعامات دیے جاتے ہیں۔
فلیک نے اس اقدام پر ذاتی طور پر عمل درآمد کی نگرانی کی اور مالیاتی انتظامیہ سے رابطے میں رہے تاکہ یہ رقم مستحق ملازمین تک ان کی تنخواہوں کے ذریعے پہنچ جائے۔ کاتالونیا ریڈیو نے بتایا کہ کوچ نے اس وقت تک معاملے کو مکمل نہیں سمجھا جب تک تمام رقوم منتقل نہیں ہو گئیں۔
انعامی رقم کی مجموعی مالیت یا ہر ملازم کا حصہ ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اسے 35 افراد میں برابر تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلیک ٹیم کی کامیابی میں روزانہ محنت کرنے والے ملازمین کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔
